ڈیرہ اسماعیل خان: ٹانک روڈ پر ہتھالہ کے قریب دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پولیس کی ایک گاڑی الٹ گئی اور ڈی ایس پی کلاچی کفایت اللہ مروت سمیت 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی کلاچی کفایت اللہ مروت اور ایس ایچ او ہتھالہ پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کے لیے جا رہے تھے کہ ہتھالہ کے قریب دہشت گردوں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے دوران پولیس کی گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔ ایس ایچ او ہتھالہ کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس کی سفارشات منظور، تنخواہوں میں 250 فیصد اضافے کی تجویز
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی، جس پر دہشت گرد موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔





