خیبرپختونخوا میں سرکاری نرخ پر 3 لاکھ سے زائد آٹے کے تھیلے فراہم

Pakistan SCO Summit 2026

کاشف عزیز

پشاور: محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے گزشتہ ہفتے صوبے میں سرکاری نرخ پر فراہم کیے جانے والے آٹے کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔

محکمہ خوراک کے مطابق صوبے بھر میں 1639 فعال آٹا ڈیلرز کے ذریعے مجموعی طور پر 3 لاکھ 6 ہزار 303 آٹے کے تھیلےسرکاری نرخ پر شہریوں کو فراہم کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق پشاور ڈویژن میں 86 ہزار 854، مردان ڈویژن میں 40 ہزار 401 جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں 59 ہزار 264 آٹے کے تھیلے فراہم کیے گئے۔

اسی طرح ہزارہ ڈویژن میں 65 ہزار 682، بنوں میں 20 ہزار 700، ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں 33 ہزار 402 جبکہ کوہاٹ ڈویژن میں 23 ہزار 224 آٹے کے تھیلے سرکاری نرخ پر فراہم کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں اساتذہ کیلئے نئی ہدایات، اسکول اوقات میں محکمہ تعلیم کے دفاتر جانے پر پابندی

محکمہ خوراک کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف علاقوں میں کارروائی بھی کی گئی۔ پشاور میں 14 آٹا ڈیلرز کا کوٹہ اور لائسنس منسوخ کیا گیا، جبکہ ضلع خیبر میں 11 ڈیلرز کے خلاف کارروائی کی گئی۔

چارسدہ میں ایک فلور مل اور 7 آٹا ڈیلرز جبکہ نوشہرہ میں 2 فلور ملز اور 15 ڈیلرز کا کوٹہ منسوخ کیا گیا۔

محکمہ خوراک کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے صوبائی اسٹریٹجک ریزرو سے فلور ملز کو روزانہ 3 ہزار میٹرک ٹن سرکاری گندم کی فراہمی جاری ہے۔

حکومت کی جانب سے شہریوں کو منتخب ڈیلرز کے ذریعے 20 کلوگرام سرکاری آٹے کا تھیلا 2520 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر بشکیک روانہ، ایس سی او اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے

محکمہ خوراک اور خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں گندم اور آٹے کے معیار کی باقاعدگی سے نگرانی بھی کر رہی ہیں۔

معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری گندم سے تیار کردہ آٹے کے معیار پر نظر رکھیں اور غیر معیاری آٹے کی فوری اطلاع دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری آٹا فراہم کرنے والی فلور مل کا سرکاری کوٹہ منسوخ کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ حکومت عوام کو معیاری اور سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ڈاکٹر محمد اسرار خان نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گندم اور آٹے کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی کے باعث ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کے مطابق پنجاب حکومت نے گندم اور آٹے کی بین الصوبائی آزادانہ تجارت میں رکاوٹیں تاحال برقرار رکھی ہوئی ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top