محمد عباس
باجوڑ: پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی اجمل خان پر باجوڑ کے مسائل کو نظرانداز کرکے کراچی میں پی ٹی آئی کی اسٹریٹ موومنٹ کی مہم میں مصروف رہنے پر تنقید سامنے آگئی۔
خار بازار سے پختون ڈیجیٹل کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری سجاد کاروان نے کہا کہ باجوڑ کی لاکھوں کی آبادی اپنے منتخب نمائندوں سے علاقے کی ترقی اور بہتری کی امیدیں وابستہ کیے بیٹھی ہے، تاہم عوامی مسائل کے حل کے لیے منتخب نمائندوں کی موجودگی اور کردار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجمل خان موجودہ ایم پی اے ہیں، مگر عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے حلقے میں اب تک کون سے نمایاں ترقیاتی کام کیے گئے ہیں۔ ان کے بقول منتخب نمائندوں کو اپنے حلقوں میں موجود رہ کر عوام کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
سجاد کاروان نے کہا کہ باجوڑ پہلے ہی مہنگائی، بدامنی، دہشت گردی، قتل و غارت، چوری اور ڈکیتی جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ عوام کو اپنے نمائندوں سے عملی اقدامات کی توقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے نمائندوں کو ایوان تک پہنچایا ہے، اس لیے اس ووٹ کو محض کاغذ کا ٹکڑا نہیں سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق منتخب نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری اپنے علاقے کے عوام کی آواز بننا اور ان کی ترقی کے لیے ہر فورم پر بات کرنا ہے۔
دوسری جانب گفتگو کے دوران پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں پر بھی تنقید کی گئی۔ سجاد کاروان نے کہا کہ ایسے وقت میں جب باجوڑ کے عوام مختلف مسائل سے دوچار ہیں، اجمل خان سمیت بعض سیاسی شخصیات کا کراچی میں سیاسی مہم میں مصروف ہونا عوام کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹیکس کے پیسوں سے سہیل آفریدی کا دوسری بار سندھ کا دورہ، پختونخوا کے وسائل پر بڑا سوال
انہوں نے کہا کہ اگر منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں عوامی مسائل، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مؤثر کردار ادا کریں تو عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو سکتا ہے۔
سجاد کاروان نے زور دیا کہ علاقے کے عوام کو ایسے آزاد اور بااختیار نمائندوں کی ضرورت ہے جو کسی دباؤ کے بغیر ہر پلیٹ فارم پر باجوڑ کی ترقی، امن اور عوامی مسائل کی بات کر سکیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی سندھ اسٹریٹ موومنٹ 3 سے 7 ستمبر تک جاری رہنے والی ہے، جس میں مختلف مقامات پر سیاسی اجتماعات کے بعد 6 ستمبر کو کراچی میں سرگرمیاں اور 7 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ بار میں وکلا کنونشن شیڈول ہے۔
دریں اثنا باجوڑ میں ترقیاتی مسائل پر ماضی میں بھی منتخب نمائندوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
رواں سال مئی میں مقامی افراد نے ارنگ روڈ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر احتجاج کرتے ہوئے ایم پی ایز اجمل خان اور انور زیب خان پر منصوبے میں عدم دلچسپی کا الزام عائد کیا تھا۔





