خیبر پختونخوا میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 98 کیسز رپورٹ

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: ہائی ٹرانسمیشن سیزن اکتوبر کے آخر تک جاری رہنے کا امکان، کوہاٹ میں 41، پشاور میں 33 اور بنوں میں 10 کیسز سامنے آگئے

پشاور: خیبر پختونخوا میں رواں ہفتے ڈینگی کے 98 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو گزشتہ 34 ہفتوں کے دوران ایک ہفتے میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی کا ہائی ٹرانسمیشن سیزن اکتوبر کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث آنے والے دنوں میں بھی ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

رواں ہفتے سب سے زیادہ کیسز کوہاٹ میں 41 رپورٹ ہوئے، جبکہ پشاور میں 33 اور بنوں میں 10 کیسز سامنے آئے۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد ایک ہندسے میں رہی۔

یہ بھی پڑھیں : صوبائی حکومت سندھ اسٹریٹ موومنٹ میں مصروف، صوابی میں طالبات بارش کے پانی سے گزرنے پر مجبور

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اب تک 3,487 مشتبہ کیسز کی جانچ کی جا چکی ہے، جن میں سے 581 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

مجموعی طور پر پشاور 220 تصدیق شدہ کیسز کے ساتھ صوبے میں سرفہرست ہے، جبکہ کوہاٹ میں 209 اور بنوں میں 52 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی سے بچاؤ کے لیے لاروا سرویلنس، آگاہی مہم اور دیگر حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک ڈینگی کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top