پشاور: گلبہار ٹیکنیکل سکول کی کمپیوٹر لیب سے 10 سی پی یوز چوری

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائر سیکنڈری سکول گلبہار کی کمپیوٹر لیب سے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران 10 سی پی یوز چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ تدریسی عملے نے واقعے کی فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) پشاور کو دی گئی درخواست میں سکول کے تدریسی عملے نے موقف اختیار کیا ہے کہ کمپیوٹر لیب 30 جون کو آخری ورکنگ ڈے تک فعال تھی، جبکہ 29 جولائی کو بھی لیب کا تمام سامان مکمل موجود تھا اور اسٹاک رجسٹر کے نگران کی موجودگی میں سامان کی گنتی کی گئی تھی۔

درخواست کے مطابق اس کے بعد موسم گرما کی تعطیلات کے دوران کمپیوٹر لیب سے 10 سی پی یوز چوری ہوگئے، جبکہ مبینہ طور پر جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے گئے۔

پرنسپل کی جانب سے قائم داخلی تحقیقاتی کمیٹی نے تدریسی عملے کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ واردات موسم گرما کی تعطیلات کے دوران ہوئی اور اس وقت تدریسی عملہ سکول میں موجود نہیں تھا۔

تدریسی عملے نے الزام عائد کیا ہے کہ داخلی انکوائری میں بے گناہی سامنے آنے کے باوجود انہیں تھانہ گلبہار پشاور میں تفتیش اور مبینہ ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے باعث نہ صرف تدریسی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں بلکہ اساتذہ کی ساکھ بھی مجروح ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی، 100 سے زائد پلانٹس کا انکشاف

درخواست میں کہا گیا ہے کہ معاملہ سکول کی سکیورٹی میں واضح غفلت کا ہے، اس لیے اصل ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور تدریسی عملے کو بلاجواز اس معاملے میں ملوث کرنے سے گریز کیا جائے۔

تدریسی عملے نے ڈی ای او پشاور سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، متعلقہ افراد سے پوچھ گچھ کرکے اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور مستقبل میں سرکاری املاک کی چوری روکنے کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

درخواست میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ سکول میں چوری کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل واٹر مشین، پروفیشنل کیمرا، اے سی کے آؤٹ ڈور یونٹس اور ویلڈنگ مشین سمیت متعدد اشیا بھی غائب ہوچکی ہیں، جبکہ یو پی ایس، پیر (شاٹ گن)، سمر سیل مشین کا باکس بمعہ تار اور ایک سی پی یو سمیت بعض اشیا بعد میں دوبارہ حاصل کرلی گئی تھیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top