راولپنڈی: یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر مسلح افواج نے شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے غازیوں اور شہدا کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کیا اور ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یومِ دفاع و شہدا پر شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے بھی اپنے پیغامات میں شہدا کو سلام پیش کیا۔
مسلح افواج کے سربراہان نے کہا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہے۔ 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد ہوکر کھڑی ہوئی، جبکہ شہدائے پاکستان نے فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنگی میدانوں، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، شہدا کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ شہدا کے خاندان عزم، حوصلے اور استقامت کی علامت ہیں۔
مسلح افواج نے غازیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو بہادری اور عزم کے ساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یومِ دفاع و شہداء، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف کا شہدائے وطن کو سلام
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا پابند ہے، تاہم ملکی امن اور بقائے باہمی کے عزم کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔
مسلح افواج نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر مسلح افواج نے پاکستان اور پاکستانی عوام سے غیر متزلزل وفاداری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے اہلِ خانہ کا حوصلہ قومی قوت اور فخر کا سرچشمہ ہیں۔
مسلح افواج نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ قوم کے شانہ بشانہ اپنی مقدس ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، عزت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔
پاکستان آرمڈ فورسز زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔





