خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے 21 خوارج ہلاک

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 سے 5 ستمبر کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف کارروائیاں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں چھپے مزید 10 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

اس کارروائی کے بعد پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے اور سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک کیے جانے والے خوارج کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

شمالی وزیرستان کے ایک اور علاقے میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گروہ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان اضلاع میں بھی مشترکہ کارروائیاں کی گئیں، جہاں دو مختلف مقابلوں کے دوران مزید 4 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ دفاع و شہدا: شہدا کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، مسلح افواج

علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد کے ساتھ پیش آنے والے مسلسل واقعات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خلاف اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی مسلسل ناکام رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز اور مسلسل کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، جن کا مقصد ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top