سات ستمبر کا دن پاکستانی تاریخ میں غیرت، شجاعت اور پاک فضائیہ کے لازوال کارناموں کا وہ روشن باب ہے جو ہر پاکستانی کے دل میں فخر کا احساس زندہ کر دیتا ہے۔
سنہ 1965 کی جنگ ہو یا وطن کا کوئی بھی نازک موڑ، شاہینوں نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔
تاریخ میں ایئر کموڈور سجاد حیدر کی زیرِ قیادت پٹھان کوٹ ایئربیس پر وہ کامیاب حملہ کون بھول سکتا ہے جہاں دشمن کے متعدد طیارے فضا میں جانے سے پہلے ہی زمین پر تباہ کر دیے گئے، یا پھر ایم ایم عالم کا وہ ناقابلِ تسخیر ریکارڈ جب انہوں نے سرگودھا کے محاذ پر محض ایک منٹ کے اندر اندر دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے۔
سات ستمبر کے روز پاک فضائیہ کی تاریخی کامیابیاں یہ وہ سنہرے باب ہیں جن پر پوری قوم کو ہمیشہ ناز رہے گا۔
بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا یہ سلسلہ محض ماضی تک محدود نہیں بلکہ آج بھی اتنی ہی آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔
قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک جب بھی آزمائش کی گھڑی آئی، ان پاسبانوں نے دشمن کی ہر جارحانہ چال کو ناکام بنایا۔ حال ہی میں شاہینوں نے روایتی حریف کو میدان میں صفر کے مقابلے میں چھ (0-6) کی تاریخی شکست سے دوچار کر کے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ فتح ہمیشہ عزمِ صمیم اور فولادی حوصلوں کا مقدر ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ دفاع: پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ایئر وائس مارشل حسن فیصل
فضاؤں میں اڑنے والے یہ شاہین صرف پرواز کا ہنر نہیں جانتے بلکہ ان کی ہر پرواز اس بات کی غماز ہے کہ وطن کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔
پاک فضائیہ کے یہ غازی اور شہید کل بھی اس قوم کا مان تھے اور آج بھی فتح و کامرانی کی سب سے بڑی علامت ہیں۔





