وفاقی تحقیقاتی ادارے نے لاہور میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نادرا کے نام سے مشابہت رکھنے والی جعلی ویب سائٹ چلا کر شہریوں کا ذاتی اور حساس ڈیٹا فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق محمد ارسلان اور علی رضا نامی ملزمان کے قبضے سے 3 ٹیرا بائٹ پر مشتمل حساس ڈیٹا برآمد ہوا ہے۔
ملزمان اب تک ایک کروڑ سے زائد پاکستانی شہریوں کا نجی ڈیٹا غیر قانونی طور پر حاصل کر کے فروخت کر چکے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان ‘منی نادرا’ کے نام سے ویب سائٹ چلا رہے تھے اور اس کے ذریعے شہریوں کے فیملی ٹری، مختلف سرکاری اداروں کی معلومات، سم کارڈز کی ملکیت، سم ڈیٹا بیس، کال ڈیٹا ریکارڈز اور شہریوں کی لوکیشن کا ڈیٹا فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا جانے والوں کے لیے بڑی خبر، اب باری کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان ‘خوچی’ نامی پلیٹ فارم تک غیر قانونی رسائی بھی دے رہے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان سے دو موبائل فونز بھی قبضے میں لیے گئے ہیں، جبکہ برآمد کیے جانے والے 3 ٹیرا بائٹ ڈیٹا کا فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے۔





