سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر، جی پی فنڈ پر منافع کی شرح کم کردی گئی

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے جنرل پروویڈنٹ فنڈ (جی پی فنڈ) پر منافع کی شرح میں کمی کردی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مالی سال 2025-26 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ میں جمع رقوم اور سبسکرائبرز کے کریڈٹ بیلنس پر سالانہ منافع کی شرح 12.05 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ مالی سال 2024-25 کے لیے جی پی فنڈ پر منافع کی شرح 12.46 فیصد مقرر تھی، یوں رواں مالی سال کے لیے شرح منافع میں کمی کی گئی ہے۔

نئی شرح مالی سال 2025-26 کے لیے تمام سرکاری ملازمین کے جنرل پروویڈنٹ فنڈ اکاؤنٹس پر لاگو ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : کرک: شنکئی ڈیم کے قریب پولیس موبائل پر فائرنگ، کانسٹیبل شہید

وزارت خزانہ کے مطابق وزارت ریلوے اور وزارت دفاع کے زیر انتظام مختلف پروویڈنٹ فنڈز کے بیلنس پر متعلقہ مالی سال کے لیے منافع کی شرح سے متعلق ضروری ہدایات دونوں وزارتیں الگ سے جاری کریں گی۔

جنرل پروویڈنٹ فنڈ سرکاری ملازمین کے لیے حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی لازمی بچت اسکیم ہے، جس کے تحت ملازمین کی تنخواہوں سے ہر ماہ ایک مخصوص رقم منہا کرکے ان کے نام سے جمع کی جاتی ہے۔ اس رقم پر حکومت کی جانب سے سالانہ بنیادوں پر منافع بھی دیا جاتا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top