رنگ گورا کرنے والی غیر معیاری کریمیں کینسر کا باعث، بڑی سزا او جرمانے کا بل منظور

رنگ گورا کرنے والی غیر معیاری کریمیں کینسر کا باعث، بڑی سزا او جرمانے کا بل منظور

Pakistan SCO Summit 2026

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ملک بھر میں زہریلی اور غیر معیاری کاسمیٹکس کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی کا فیصلہ کرتے ہوئے ‘پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل’ متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد مگسی اور وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رضا حیات ہراج کا کہنا تھا کہ ملک میں کینسر کے موذی مرض میں اضافے کی ایک بڑی وجہ غیر معیاری رنگ گورا کرنے والی کریمیں ہیں، جن میں خطرناک کیمیکل مرکری (پارہ) استعمال کیا جاتا ہے جو جلد کے کینسر کا سبب بنتا ہے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ کراچی سمیت بڑے شہروں میں دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے بھینسوں کو آکسیٹوسن کے خطرناک انجکشن لگائے جا رہے ہیں، جس سے جانور بھی اس موذی مرض کا شکار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں پابندی کا شکار ہونے والی ادویات آج بھی مارکیٹ میں دندناتی پھر رہی ہیں اور کوئی مؤثر کنٹرول نہ ہونے کے باعث غیر معیاری کاسمیٹکس تیار کرنے والے ارب پتی بن چکے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں غیرملکی مالی معاونت کے منصوبوں میں بھی بے ضابطگیاں، قائمہ کمیٹی نے تحقیقات کا حکم دیدیا

وفاقی وزیر خالد مگسی نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بل کی منظوری سے ایک باضابطہ اتھارٹی قائم کی جائے گی جو کاسمیٹکس کے شعبے کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار کے مطابق ان کی برآمدات کو بھی یقینی بنائے گی۔

کمیٹی کی جانب سے منظور کیے جانے والے اس نئے بل کے تحت غیر معیاری کاسمیٹکس تیار کرنے یا ان کی درآمد (امپورٹ) میں ملوث عناصر کے خلاف سخت آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور اس جرم پر ملزموں کو 7 سال تک قید اور ایک کروڑ روپے تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top