کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارتی دعوے بے بنیاد ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور سعودی قیادت و عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے دعوؤں اور ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک حل طلب مسئلہ ہے، بھارتی اقدامات اور دعوے اس کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔

سجاد حیدر خان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انہوں نے یاسین ملک کی صحت کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور ان کی غیر قانونی قید کی مذمت کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان 5 ستمبر کو سہارنپور میں قدیم مسجد مسمار کیے جانے کی بھی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ ان کے مطابق مذہبی آزادیوں کا احترام ضروری ہے اور کسی بھی مذہبی مقام کے خلاف کارروائی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے یاسین ملک کے خلاف مقدمے کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیانِ حلفی بھارتی عدالتی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔ پاکستان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ یاسین ملک کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم کے کرغزستان کے دورے کے دوران پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : اقلیتی حقوق سے متعلق ون مین کمیشن کا اجلاس، خیبرپختونخوا میں 2106 سرکاری آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا۔

سجاد حیدر خان کے مطابق اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا اور ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے پاکستان کی ہمدردی کا اظہار کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ 7 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 9 ستمبر کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ سے دوبارہ رابطہ کیا، جس میں قومی اور علاقائی پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمیت عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق اسرائیلی بیانات اور تجاویز کو مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نئے صوبوں سے وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی، خیبرپختونخوا کے طلبہ

سجاد حیدر خان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کیلئے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان 4 سے 11 اپریل 2027 تک سیف گیمز کی میزبانی کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو چین کا ایک اہم منصوبہ ہے اور پاکستان بھی اس کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اس منصوبے کے تحت چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

سجاد حیدر خان نے بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کے ایک بڑے نیٹ ورک کو توڑ دیا ہے، جس کا سرغنہ افغان شہری تھا۔

ترجمان کے مطابق کراچی بندرگاہ پر سری لنکن حکام کے ساتھ رابطے کے بعد کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 200 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی۔ پاکستان نے منشیات کے خلاف کارروائی میں تعاون پر دوست ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top