اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش نے جہاں ایک طرف شدید گرمی کا زور توڑ دیا ہے، وہیں دوسری طرف نشیبی علاقے زیرِ آب آنے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف سیکٹرز میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
آندھی کے زور سے سپورٹس کمپلیکس میں لگایا گیا کنسرٹ کا اسٹیج زمین بوس ہو گیا، جبکہ ایف ٹین سیکٹر میں درخت گرنے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔
پشاور اور صوابی میں بھی بادل کھل کر برسے، جس سے گرمی کا خاتمہ تو ہوا لیکن نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر بٹ خیلہ میں طوفانی بارش کے بعد ندیوں میں طغیانی آ گئی اور بجلی کا ترسیلی نظام بھی دگرگوں ہو گیا۔ اس کے علاوہ ہری پور کے علاقے پنیاں میں درخت گرنے کے واقعے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 ستمبر تک ملک کے بالائی علاقوں بشمول کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ اس دوران سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور مرطوب ہی رہے گا۔





