خیبر پختونخوا کابینہ کے 58ویں اجلاس کا ایجنڈا جاری

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: خیبر پختونخوا کابینہ کا 58 واں اجلاس آج ہفتہ 12 ستمبر 2026 کو دوپہر 2 بجے سول سیکرٹریٹ پشاور کے کابینہ روم میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کریں گے، جبکہ صوبائی حکومت کے مختلف محکموں سے متعلق اہم معاملات پر غور اور فیصلے متوقع ہیں۔

ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں گواہان کے تحفظ، اسکول میل پروگرام، گاڑیوں کی رجسٹریشن، سڑکوں کی بحالی، صحت اور دیگر اہم امور شامل کیے گئے ہیں۔

کابینہ کے اجلاس میں خیبر پختونخوا وتنس پروٹیکشن ایکٹ 2021 کے تحت وٹنس پروٹیکشن بورڈ اینڈ یونٹس کے قیام کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد مقدمات میں گواہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نظام قائم کرنا ہے۔

اجلاس میں عالمی غذائی پروگرام (WFP) کے تعاون سے ملٹی سیکٹورل اسکول میل پروگرام (KP-SPRING) کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ پروگرام کا مقصد بچوں میں غذائی قلت سے نمٹنے اور اسکول جانے والے بچوں کی غذائی ضروریات کو بہتر بنانا ہے۔

کابینہ پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (PSPC) کے ساتھ گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق دستاویزات کی تیاری کے لیے نئے G-to-G معاہدے اور ترمیم شدہ نرخ نامے کی منظوری کا معاملہ بھی زیرِ غور لائے گی۔

اجلاس کے ایجنڈے میں ایبٹ آباد اور گلیات کے اہم روڈ نیٹ ورک کی بحالی اور بہتری بھی شامل ہے۔ اس سلسلے میں ایبٹ آباد-نتھیا گلی-باریاں روڈ کے 57.50 کلومیٹر حصے جبکہ کوزہ گلی-ایوبیہ-خان پور روڈ کے 6.150 کلومیٹر حصے کی بحالی کی منظوری متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن کے سابق چیئرمین بلدیہ فائرنگ سے جاں بحق

کابینہ کے اضافی ایجنڈے میں کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم سینٹر کو محکمہ اعلیٰ تعلیم سے محکمہ داخلہ و قبائلی امور کو منتقل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

اسی طرح SACM کی جانب سے قیدیوں کو دی گئی دو ماہ کی سزا معافی (Remission) کے معاملے پر رہنمائی فراہم کرنے، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GDA) کی حدود میں پانی کی شدید قلت کا معاملہ کونسل آف کامن انٹرسٹ (CCI) میں اٹھانے اور اس حوالے سے غور بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

صحت کے شعبے سے متعلق معاملے میں تحصیل بالاکوٹ، ضلع مانسہرہ کے سول ہسپتال گڑھی حبیب اللہ میں 60 بستروں پر مشتمل اسٹاف رہائش گاہوں/ہاسٹل کے لیے ایکوائر کی گئی زمین کے واجبات کی ادائیگی کی خاطر اضافی گرانٹ کی درخواست بھی کابینہ کے سامنے رکھی جائے گی۔

اس کے علاوہ صوبائی محتسبِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی سالانہ رپورٹ 2025 بھی اجلاس میں حکومت کے سامنے پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز شرکت کریں گے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top