شہزاد نوید
سوات: اپر سوات کے علاقے مدین میں 9 سالہ بچی کے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے لیے پولیس نے سپیشل انویسٹی گیشن کمیٹی تشکیل دے دی، جبکہ پولیس نے ملزم کی بیوی کو بھی جرم میں معاونت اور شواہد مٹانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کیس کی تفتیش، دستیاب شواہد اور تمام قانونی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے گی۔ ڈی پی او اپر سوات مشتاق خان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شفاف اور میرٹ پر مکمل کی جائیں گی اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 9 ستمبر کو پیش آیا، جب ملزم نے مبینہ طور پر 9 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کو پہلے ہی گرفتار کرلیا تھا، جسے عدالت میں پیش کرنے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کیا جاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے
تحقیقات کے دوران پولیس نے ملزم کی بیوی کو بھی گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون پر جرم میں معاونت اور شواہد مٹانے کا الزام ہے۔
پولیس کی جانب سے تشکیل دی گئی سپیشل انویسٹی گیشن کمیٹی میں ایس پی انویسٹی گیشن شوکت علی، ایس ڈی پی او مدین جہانزیب، ایس ڈی پی او خوازہ خیلہ اختر حیات، ایس ایچ او مدین عزیز الرحمان اور انسپکٹر مدین داوڑ خان شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ کیس کے تمام پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔





