پشاور: خیبر پختونخوا فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ نے مختلف آسامیوں پر نئی بھرتیوں کا اعلان کردیا ہے، جن کے لیے امیدواروں کا انتخاب ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ETEA) کے ذریعے کیا جائے گا۔
محکمہ جنگلات کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق خالی آسامیوں میں جونیئر کلرک، زیلدار، ڈرائیور، فاریسٹ گارڈ سمیت دیگر عہدے شامل ہیں، جبکہ یہ آسامیاں محکمہ کے مختلف دفاتر میں دستیاب ہیں۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار مقررہ تعلیمی اور دیگر اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں ان آسامیوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
زیادہ تر آسامیوں کے لیے عمر کی حد 18 سے 25 سال مقرر کی گئی ہے، تاہم بعض عہدوں کے لیے بالائی عمر کی حد مختلف ہے، جس کی تفصیل اشتہار میں درج ہے۔
جونیئر کلرک کی نشست کے لیے امیدوار کے پاس کم از کم سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (SSC) ہونا ضروری ہے، جبکہ ٹائپنگ کی رفتار 30 الفاظ فی منٹ بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ دیگر آسامیوں کے لیے تعلیمی اور تکنیکی اہلیت کی الگ الگ شرائط مقرر کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد اسٹیٹ لائف ٹاور میں فائر سیفٹی ڈرل، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشق
محکمہ جنگلات نے اہل امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں آن لائن ای ٹی ای اے کی ویب سائٹ کے ذریعے جمع کرائیں۔ آن لائن درخواستوں کا سلسلہ 10 ستمبر 2026 سے شروع ہوچکا ہے، جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
امیدواروں کو مقررہ درخواست اور ٹیسٹ فیس بھی جمع کرانا ہوگی۔ ای ٹی ای اے کی ہدایات کے مطابق فیس ایزی پیسہ، جاز کیش یا دیگر مقررہ بینکنگ سہولیات کے ذریعے ادا کی جاسکتی ہے۔
واضح کیا گیا ہے کہ صرف ای ٹی ای اے پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جانے والی آن لائن درخواستیں قابل قبول ہوں گی، جبکہ ہاتھ سے یا کسی دوسرے ذریعے سے بھیجی گئی درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی۔
امیدوار مزید معلومات حاصل کرنے اور آن لائن درخواست جمع کرانے کے لیے ای ٹی ای اے کی سرکاری ویب سائٹ etea.edu.pk سے رجوع کرسکتے ہیں۔





