پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا، تاہم طیاروں کے ایندھن جیٹ فیول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اوگرا کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 17 روپے 35 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 324 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل 12 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 279 روپے 55 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن جیٹ فیول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 309 روپے 35 پیسے فی لیٹر برقرار رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 25 ہزار روپے کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی کے نتائج جاری
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 12 ستمبر سے ہوگا اور یہ قیمتیں 14 ستمبر تک نافذ العمل رہیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 403 روپے 32 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ تبدیلیاں 12 ستمبر سے 14 ستمبر تک نافذ العمل رہیں گی۔





