گانچھے: گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں رنگوں، ثقافت، کھیلوں اور موسیقی سے بھرپور سات روزہ جشن اختتام پذیر ہوگیا۔
فیسٹیول میں فری اسٹائل پولو، والی بال، رسی کشی، قدیمی ثقافتی کھیل سکین چن اور موسیقی سمیت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
جشن گانچھے کے دوران کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ قدیمی ثقافتی کھیل سکین چن نے بھی شائقین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
فیسٹیول کے دوران منعقدہ میوزیکل نائٹ میں مقامی فنکاروں نے روایتی موسیقی اور اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا، جنہوں نے فنکاروں کو بھرپور داد دی۔
فیسٹیول میں مقامی افراد کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے سیاحوں اور غیر ملکی مہمانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور گانچھے کی ثقافت، روایات اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوئے۔
اختتامی تقریب میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام، ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فیسٹیول کے کامیاب انعقاد اور علاقے کی ثقافت و سیاحت کو اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
جشن گانچھے کے آخری روز پولو کا فائنل سکردو انچن اور رندو کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دلچسپ مقابلے کے بعد سکردو انچن نے کامیابی اپنے نام کرلی۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان نے 13 سال بعد چترال کو شکست دیکرشندور پولو فیسٹیول کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا
سات روز تک جاری رہنے والے جشن گانچھے نے کھیلوں، ثقافت، موسیقی اور سیاحت کے رنگ بکھیرتے ہوئے اختتام پذیر ہوا۔ فیسٹیول نے مقامی روایات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو گانچھے کی ثقافت اور قدرتی حسن سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کیا





