شندور پولو فیسٹیول 2026، گلگت بلتستان نے 13 سال بعد چترال کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں کھیلے گئے شندور پولو فیسٹیول 2026 کے سنسنی خیز فائنل میں گلگت بلتستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چترال کو 5 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر چترال کی ٹیم کو 4 کے مقابلے میں 5 گول کی برتری حاصل تھی، تاہم دوسرے ہاف میں گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے گول اسکور کیے اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
اس تاریخی فتح کے ساتھ گلگت بلتستان نے 13 سال بعد چترال کو شکست دے کر شندور پولو فیسٹیول کا ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کر لیا، جس پر کھلاڑیوں اور شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر الیون لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تھے، جنہوں نے گیند پھینک کر میچ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سول اور عسکری حکام، مقامی عمائدین، ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور پولو کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
فیسٹیول کے اختتام پر گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں اور شائقین نے بھرپور جشن منایا، جبکہ ملک بھر اور بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں نے شندور کے دلکش مناظر، ثقافتی رنگوں اور روایتی پولو کے اس تاریخی مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔
شندور پولو فیسٹیول نہ صرف کھیلوں کا ایک بڑا ایونٹ ہے بلکہ یہ گلگت بلتستان اور چترال کی ثقافت، روایات اور سیاحت کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔





