پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے شہریوں اور تاجروں نے مجوزہ لانگ مارچ مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے کے عوام کو لانگ مارچ نہیں بلکہ اپنے بنیادی مسائل کا حل چاہیے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی صوبے میں عوامی مسائل کے حل کی جانب فوری توجہ دیں۔
شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پہلے ہی مختلف مسائل کا شکار ہے، ایسے میں سیاسی سرگرمیوں کے بجائے صوبے کے بنیادی مسائل کے حل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق سابقہ لانگ مارچ کی طرح یہ لانگ مارچ بھی ناکامی سے دوچار ہوگا۔
علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صوابی سمیت پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، سوات، دیر، کوہستان، بونیر، شانگلہ اور دیگر اضلاع میں عوام کو مختلف بنیادی مسائل کا سامنا ہے، جبکہ دور دراز علاقوں میں سہولیات کی کمی مزید نمایاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کا وزیراعلیٰ بننا آئینی تھا یا نہیں، فیصلہ اکتوبر میں ہوگا، شیر افضل مروت
مقامی افراد کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات اور عملے کی کمی، تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کا فقدان اور خستہ حال انفراسٹرکچر عوامی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔
شہریوں نے بالخصوص وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے آبائی ضلع میں بنیادی سہولیات کی صورتحال پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بعض دور دراز علاقوں میں دشوار گزار راستوں کے باعث مریضوں کو آج بھی چارپائیوں پر کندھوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کرنا پڑتا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق بعض علاقوں کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو بنیادی سہولیات میسر نہیں اور بچے کرسیوں کے بجائے زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی ترجیح سیاسی سرگرمیوں کے بجائے عوام کو صحت، تعلیم، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ہونی چاہیے۔
صوابی کے شہریوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ لانگ مارچ کے بجائے صوبے کو درپیش مسائل کے حل، سرکاری اداروں کی بہتری اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر فوری توجہ دی جائے۔





