خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارش، کئی علاقے زیر آب آگئے

Pakistan SCO Summit 2026

صوابی: خیبر پختونخوا کے اضلاع ہری پور اور صوابی میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ضلع ہری پور شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش جاری ہے، جبکہ تحصیل غازی میں بھی بارش کا سلسلہ برقرار ہے۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی آنے لگی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

دوسری جانب بارش کا پانی گلی محلوں میں جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور کئی مقامات پر پانی سڑکوں اور گلیوں میں تیرتا دکھائی دے رہا ہے۔

صوابی کی تحصیل ٹوپی اور گردونواح میں گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ شہر کی بیشتر سڑکیں پانی جمع ہونے کے باعث تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کی پنجاب آمد پر سکیورٹی فراہم کرنا ذمہ دار حکومت کا ثبوت ہے، خواجہ سلمان رفیق

مقامی سطح پر بتایا گیا ہے کہ مارکیٹوں کے دکاندار ندی نالوں میں کچرا پھینکتے ہیں، جس کے باعث پانی کی نکاسی متاثر ہوئی اور بارش کے دوران پانی جمع ہونے کا مسئلہ مزید سنگین ہوگیا۔ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

صوابی میں رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کے آبائی گاؤں مرغز میں بھی بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جہاں گلیاں اور بازار پانی میں ڈوب کر تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔

بارش اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث شہریوں کو آمدورفت سمیت مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top