خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی فلاح کا سفر جاری رکھیں گے، وزیراعظم

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا سفر جاری رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

اس موقع پر وفاق اور صوبے کے درمیان ہم آہنگی مزید بہتر بنانے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب پر بھی بریفنگ

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بھی ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں : ممکنہ سیلاب اور شدید بارشیں، وزیراعظم کی تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو حالیہ مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو بھی مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top