خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مویشیوں میں لمپی اسکن کی بیماری تیزی سے پھیلنے لگی ہےجس کے باعث اب تک متعدد جانور ہلاک ہوچکے ہیں ۔
متاثرہ اضلاع میں صوابی، جنوبی وزیرستان اپر اور چارسدہ شامل ہیں جہاں لمپی سکن سے سینکڑ وں مویشی متاثر اور متعدد ہلاک ہو چکے ہیں۔
صوابی کی تحصیل رزڑ اور گردونواح کے علاقوں یارحسین، یعقوبی اور دوبیان میں گزشتہ ایک ماہ سے بیماری پھیلنے کی اطلاعات ہیں جہاں سیکڑوں کی تعداد میں مویشی متاثر ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ کے مطابق ضلع میں مویشیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 68 ہزار 699 ہے، جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے خصوصی ویکسینیشن مہم جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جولائی سے اب تک 14 ہزار 100 سے زائد خوراکیں دی جا چکی ہیں اور مزید خوراکیں بھی دستیاب ہیں، جبکہ فارمرز نے نجی سطح پر بھی 40 ہزار سے زائد مویشیوں کی ویکسینیشن کروائی ہے۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر کے مختلف علاقوں میں لمپی اسکن سے درجنوں جانور ہلاک اور متعدد متاثر ہوئے ہیں جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ضلع چارسدہ میں بھی ویکسینیشن کے باوجود لمپی اسکن کے 3 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کے بحران پر وفاقی حکومت کا اہم قدم، اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز
متاثرہ علاقوں کے مویشی مالکان نے حکومت اور متعلقہ حکام سے ایمرجنسی بنیادوں پر ویکسینیشن مہم تیز کرنے اور بیمار جانوروں کے علاج کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔





