ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان بات چیت میں سہولت کاری کا اہم کردار ادا کیا ہے، اس اقدام کی بنیاد علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم پر رکھی گئی تھی۔
العربیہ ٹی وی انگلش کو اپنے انٹرویو میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا زبردست حامی ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پائیدار امن کے لیے استحکام ناگزیر ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے متعدد دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ملک کی پوزیشن اسے مختلف فریقین کے ساتھ رابطے کرنے اور امن کے قیام میں غیر جانبدارانہ اور تعمیری کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ اور مزید کشیدگی کو روکنے میں مدد کے لیے ایک دیانتدار اور غیر جانبدار ثالث کے طور پر اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔





