ایران امریکہ تنازع کا واحد حل ثالثی ہے،ترجمان پاک فوج

ایران امریکہ تنازع کا واحد حل ثالثی ہے،ترجمان پاک فوج

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان بات چیت میں سہولت کاری کا اہم کردار ادا کیا ہے، اس اقدام کی بنیاد علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم پر رکھی گئی تھی۔
العربیہ ٹی وی انگلش کو اپنے انٹرویو میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا زبردست حامی ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پائیدار امن کے لیے استحکام ناگزیر ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے متعدد دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ملک کی پوزیشن اسے مختلف فریقین کے ساتھ رابطے کرنے اور امن کے قیام میں غیر جانبدارانہ اور تعمیری کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ اور مزید کشیدگی کو روکنے میں مدد کے لیے ایک دیانتدار اور غیر جانبدار ثالث کے طور پر اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ایسے تنازع میں ثالثی کرنا، جہاں فریقین کے درمیان کشیدگی، عدم اعتماد اور بہت سی پیچیدگیاں موجود ہوں، آسان نہیں ہوتا۔ اچھی ثالثی کی بنیادی شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ ثالث غیر جانب دار اور غیر متعصب رہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس لیے ثالث کی حیثیت سے ہمارا کام ان واقعات پر تبصرہ کرنا نہیں جو ہو رہے ہیں یا مستقبل میں ہونے والے ہیں، ہم نے ہمیشہ یہی موقف برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت تمام فریقوں سے رابطے کر رہی ہے تاکہ بہتر سوچ غالب آئے اور فوجی حل کے بجائے اس پیچیدہ صورتحال کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالا جا سکے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس معاملے میں جو کردار ادا کر سکتا ہے، اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط مضبوط اور مستحکم تعلقات ہیں۔ دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ، ہمسایہ اور اسٹریٹجک تعلقات بھی ہیں۔

Scroll to Top