پاکستان نے بھارت میں شیڈول مینز ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا،اس حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن نےایشین ہاکی فیڈریشن سے ٹورنامنٹ کو غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کردی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاک بھارت موجودہ دوطرفہ حساس صورتحال اور سکیورٹی حالات کے پیش نظر پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو مکمل ٹورنامنٹ کسی غیر جانب دار مقام پر منتقل کیا جائے یا پاکستان کے تمام میچز کسی غیر جانب دار مقام پر کرائے جائیں۔
پی ایچ ایف کے صدر نے کہا کہ فیصلہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
محی الدین احمد وانی کے مطابق پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی اور عالمی ہاکی کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، پاکستان بھارت سمیت تمام ایف آئی ایچ رکن ممالک کے خلاف میدان میں کھیلنے کے لیے تیار ہے اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے اصول پر قائم ہے۔
اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان کی مکمل اور بلا تعطل شرکت یقینی بنانے کے لیے غیر جانب دار مقام کی تجویز پر مثبت فیصلہ کرے گی۔
مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 میں پاکستان، بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شرکت کریں گی، ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت کے مختلف شہروں میں شیڈول ہے۔





