پیٹرول سبسڈی اسکیم میں مزید سہولت، رجسٹریشن کا ایس ایم ایس مفت کردیا گیا

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر غریب اور متوسط طبقے کے لیے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم میں مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے رجسٹریشن کا ایس ایم ایس مفت کردیا گیا۔

حکومت کے مطابق وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو پیٹرول پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اسکیم کا دائرہ پورے ملک سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک ہے۔

حکومت کے مطابق اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے شہری REG لکھ کر اسپیس دیں، اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کے صوبے کے نام کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرکے 9771 پر مفت ایس ایم ایس بھیج سکتے ہیں۔

فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق طریقہ کار، اہلیت اور دیگر ضروری معلومات سرکاری اردو ویب سائٹ پر بھی فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسکیم کے حوالے سے فیلڈ میں موجود رہیں اور شہریوں کو رجسٹریشن سمیت دیگر مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کریں۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

وزیراعظم نے عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی عوامی آگاہی اور رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ حکام کو پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر اسکیم کے طریقہ کار اور اہلیت سے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلانے کا کہا گیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اسکیم کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنا اور ریلیف حقیقی مستحق شہریوں تک پہنچانا ہے۔

حکومت کے مطابق اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ایک ماہ میں 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جائے گی، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت مقرر کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ فیول سبسڈی اسکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچائے جائیں اور رجسٹریشن کے دوران عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top