اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح احکامات کی روشنی میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد کی جانب ممکنہ مارچ اور ریلی کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کر دی ہیںجس کے تحت سرکاری افسران کی شرکت اور سرکاری وسائل کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم میں تمام متعلقہ افسران کو عدالتی فیصلے پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی سرکاری افسر اسلام آباد کی جانب کسی مارچ، ریلی یا جلوس میں کسی قسم کی معاونت، سہولت کاری یا شرکت نہیں کرے گا۔
چیف سیکرٹری نے کہا ہے کہ اگر کسی بھی افسر کو مارچ میں شرکت کے لیے کہا جائے یا دباؤ ڈالا جائے تو وہ فوری طور پر چیف سیکرٹری یا انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو آگاہ کرے۔
ہدایات کے مطابق کسی بھی ایسے مارچ یا ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت، تجارتی و کاروباری سرگرمیاں، تعلیمی ادارے یا طبی سہولیات تک رسائی متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں، مشینری، آلات، عوامی فنڈز یا دیگر تمام سرکاری وسائل کسی بھی سیاسی مارچ یا ریلی کے لیے استعمال کرنے پر مکمل قدغن ہوگی۔
چیف سیکرٹری نے خبردار کیا ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔





