سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقوں آمین آباد اور سیاہ چنگ میں آپریشن ردالفتنہ3 کے تحت دو کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلی کارروائی چاغی کے علاقے آمین آباد میں سول آبادی کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانے کی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز کی موثر پیش قدمی کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے آر پی جی 7 لانچر، اے کے 47 رائفل، ایم 16 کے میگزین اور راؤنڈز برآمد کر لیے گئے۔
دوسری کارروائی چاغی کے علاقے سیاہ چنگ میں پیش آئی جہاں ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا گیا۔ گاڑی میں سوار افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی اور تعاقب کرنے والی کوئک رسپانس فورس (کیو آر ایف) پر فائرنگ کر دی۔
فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں مزید 2 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 2 سہولت کاروں کو پکڑ لیا گیا۔
اس کارروائی کے دوران ایم 16 رائفل، سنائپر رائفل بمعہ اسکوپ، 9 ایم ایم پستول، ایل ایم جی راؤنڈز، واکی ٹاکی سیٹ اور موبائل فونز قبضے میں لیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔





