کوہاٹ کے ہنگو روڈ پر واقع اولڈ پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے اور دہشت گردانہ حملے کی باضابطہ ابتدائی رپورٹ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کو ارسال کر دی گئی ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوہاٹ کی جانب سے سیکریٹری صحت کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہو گئی ہے جبکہ 103 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
شہداء میں 15 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری شامل ہیں جن میں لیاقت میموریل ہسپتال کے چیف ڈسٹرکٹ سپیشلسٹ (پیڈیاٹرکس) ڈاکٹر اسرائیل خان اورکزئی بھی شامل ہیں۔
زخمیوں میں 73 پولیس اہلکار اور 30 شہری شامل ہیںجن میں سے 90 کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اور 13 کو لیاقت میموریل ہسپتال پہنچایا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق 34 زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کر کے طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ 5 شدید زخمیوں کے ہنگامی آپریشن کیے گئے، جن میں سے 4 مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
تمام متعلقہ طبی مراکز میں اعلیٰ الرٹ جاری ہے اور زخمیوں کی دیکھ بھال مسلسل کی جا رہی ہے۔





