وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری، 22 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ، وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے موجودہ صورتحال میں عوام کے لیے شروع کی گئی خصوصی فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 22 لاکھ سے زائد افراد اس میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دنیا بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے غریب طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو بروقت ہدایات جاری کیں اور خصوصی ریلیف اسکیم کی ہر مرحلے پر خود نگرانی کی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق اسکیم کی رجسٹریشن کا عمل وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے مکمل کیا گیا، جبکہ تمام صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں نے بھی اسکیم پر عملدرآمد میں بھرپور کردار ادا کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے 15 سال کی بجائے 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور گاڑیوں کو بھی اسکیم میں شامل کیا ہے۔ یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی بھی رجسٹریشن کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے گاڑی کا مالک ہونا بھی لازمی نہیں رکھا گیا، جبکہ اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے ایس ایم ایس سروس بھی مفت کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سستا پیٹرول سکیم ،حکومت نے ایک اور بڑی سہولت کا اعلان کردیا

وزیر اطلاعات کے مطابق ایک ٹوکن پر پانچ لیٹر پٹرول کی حد ختم کردی گئی ہے۔ موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو ماہانہ چار ٹوکن فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ہر 10 دن بعد 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی، جبکہ یہ سہولت تمام پٹرول پمپس پر دستیاب ہے۔ اوگرا کے ذریعے پٹرول اسٹیشنز کو اس حوالے سے باقاعدہ ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ کے مطابق اسکیم کا پورے پاکستان میں کامیابی سے اجراء کیا گیا ہے اور اب تک 22 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جن میں 92 فیصد موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ استعمال کرنے والے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز 5 لاکھ 57 ہزار سے زائد رجسٹریشن ہوئیں، جبکہ اب تک 19 لاکھ ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں۔ 800 سی سی گاڑیوں کے لیے ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد ٹوکن جاری کیے گئے ہیں، جبکہ صرف گزشتہ روز 5 لاکھ 45 ہزار سے زائد ٹوکن جاری ہوئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کو اسکیم کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جارہا ہے اور عوام کی آراء کی روشنی میں اسکیم میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم معاشرے کے سب سے زیادہ مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔

Scroll to Top