پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹر محمد رضوان کو میڈیا سے بات کرنے سے روک دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا مؤقف ہے کہ محمد رضوان کا معاملہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں زیرِ تفتیش ہے، اس لیے انہیں میڈیا سے گفتگو کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان آئی سی سی کو لکھے گئے خط سے متعلق تفصیلات میڈیا کے سامنے رکھنا چاہتے تھے۔ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی شق 4.1 کا احترام کرتے ہوئے شق 16 کے تحت اپنا مؤقف سامنے رکھنا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی شق 4.1 کے تحت کھلاڑی پی سی بی کی اجازت کے بغیر عوامی بیان نہیں دے سکتا، جبکہ شق 16 پی سی بی اور کھلاڑی کے درمیان باہمی تعاون سے متعلق ہے۔
یہ بھی پڑھیں:این سی سی آئی اے کا نوٹس: کرکٹر محمد رضوان نے سوالنامے کا جواب جمع کرا دیا
یاد رہے کہ انگلینڈ کے دورے میں دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد جن کھلاڑیوں کو پاکستان واپس طلب کیا گیا تھا، محمد رضوان بھی ان میں شامل تھے۔ پی سی بی نے محمد رضوان اور امام الحق کے موبائل فون بھی تحویل میں لے کر بعد ازاں این سی سی آئی اے کے حوالے کیے تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے بھی روک دیا گیا تھا۔





