بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بنوں نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا باقاعدہ اعلان ایک پروقار تقریب میں کر دیا ہےجس میں کمشنر بنوں ڈویژن و چیئرمین بنوں بورڈ کیپٹن (ر) خالد محمود نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کر کے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں نقدی انعامات تقسیم کیے اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
شاندار کارکردگی پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 40 ہزار، دوسری پوزیشن پر 30 ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 25 ہزار روپے کے نقد انعامات دیے گئے، جبکہ تعلیمی معیار برقرار رکھنے پر متعلقہ کالجز کے پرنسپلز اور اساتذہ کو بھی 20، 20 ہزار روپے دیے گئے ہیں۔
نتائج کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر 2 بنوں کے احمد اللہ خان نے 1200 میں سے 1111 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، کیڈٹ کالج رزمک کے محمد عبدال 1104 نمبرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج بنوں کی حورین عصمت اور شاندانہ خان نے 1101، 1101 نمبرز لے کر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پری انجینئرنگ گروپ میں محمد جنید خان نے 1064 نمبر حاصل کر کے پہلی، کریسنٹ پبلک سکول اینڈ کالج میر علی شمالی وزیرستان کے مسرور الٰہی 1051 نمبروں کے ساتھ دوسرے جبکہ اکرم خان درانی کالج کے عامر حسن 1034 نمبرز لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
پری کمپیوٹر گروپ میں کریسنٹ پبلک سکول اینڈ کالج میر علی کے فیضان احمد 1054 نمبر حاصل کر کے پہلے، کیڈٹ کالج رزمک کے ساجد عزیز 1044 نمبرز کے ساتھ دوسرے اور گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر 2 بنوں کے محمد فرقان قریشی 1031 نمبر لے کر تیسری پوزیشن پر رہے، جبکہ ہیومینیٹیز گروپ میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول تتر خیل لکی مروت کی صبا بنت سید عالم نے 1052 نمبر حاصل کر کے پہلی اور ایف جی ڈگری کالج برائے خواتین بنوں کینٹ کی انوشہ گل نے 1041 نمبرز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: پی ٹی آئی کے سینئر وکیل امیر اعجاز خان لاپتہ، اغوا کا مقدمہ درج
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بنوں بورڈ نور عالم خان اور کنٹرولر امتحانات فاروق خان نے کامیاب طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور بتایا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے تمام نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب ہیں جہاں طلبہ اپنے رول نمبر کے ذریعے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔





