کاشف عزیز
کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق تھانہ بڈھ بیر کی پولیس ٹیم پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں قبروں کی بے حرمتی کے مقدمے میں زیر حراست ملزم ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق زیر حراست ملزم سلمان ولد افغان کو نشاندہی کے لیے شیخان قبرستان لے جایا جا رہا تھا کہ تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6 نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس موبائل پر اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کی وجہ سے محفوظ رہا۔
حملے کے دوران فائرنگ کی زد میں آ کر زیر حراست ملزم شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس اہلکار اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر رہے تھے تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واضح رہے کہ ہلاک ملزم سلمان کو گزشتہ روز شیخان قبرستان میں ایک قبر کی بے حرمتی کی کوشش کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس میں تبادلےو تعیناتی کے حوالے سےنیا نوٹیفکیشن جاری
دوران تفتیش ملزم نے اب تک 10 مختلف قبروں کی بے حرمتی کا اعتراف بھی کیا تھا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔





