پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مجوزہ مارچ کے پیشِ نظر اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی اہم شاہراہیں اور موٹرویز کو دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی و ی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے پشاور جانے والی موٹروے (ایم ون) کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ راستے کو بلاک کرنے کے لیے ہیوی ٹرالرز کھڑے کیے گئے ہیںجس کے باعث ایم ون پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو چکی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایم ون پر واقع تمام اہم انٹرچینجز بشمول اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول، سنگجانی، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے لیے دستیاب متبادل راستے اختیار کریں۔
حکام کی جانب سے ایم 14 (ہکلہ سے کنڈل) کو بھی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہےجبکہ جی ٹی روڈ (این 5) کو اٹک خورد کے مقام پر بلاک کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام اہم راستے تاحکمِ ثانی بند رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گورنرفیصل کریم کنڈی کا مجوزہ پولیس ایکٹ پر شدید ردعمل،آئین سے متصادم قراردے دیا
دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد آنے والی ایم ٹو (M-2) پر ہیوی ٹریفک اور کارگو گاڑیوں کے اسلام آباد داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے متبادل کے طور پر جی ٹی روڈ کا راستہ مقرر کیا گیا ہے۔





