ضلع مہمند میں انڈے کے حجم کے اولے، ٹماٹر کی تیار فصل تباہ

پشاور: خیبر پختونخوا کے اضلاع مہمند اور خیبر کی مختلف تحصیلوں میں گزشتہ رات بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی، جس کے دوران بعض علاقوں میں انڈے کے حجم جتنے اولے پڑے۔ ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں سمیت مختلف املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری سے فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی کھڑی فصل کو نقصان پہنچا، جبکہ بعض مقامات پر تیار فصل مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

کاشتکاروں کے مطابق ٹماٹر کی فصل کو پہنچنے والے نقصان سے انہیں مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب تحصیل امبار کے علاقے گمبتی میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی، جس سے متعدد گھروں اور زمینوں پر نصب سولر پینلز ٹوٹ گئے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مہمند اور خیبر کے ان علاقوں میں بڑے حجم کے اولے پڑنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ گزشتہ چار برس سے تقریباً ہر سال گرمیوں کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سمیت بلکہ اسلام آباد اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی ژالہ باری کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔

گزشتہ سال اکتوبر میں ضلع مہمند کی تحصیل پڑانگ غار میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں فصلوں، سولر پینلز اور گھروں کو کافی نقصان پہنچا تھا۔ بعض مقامات پر اولوں کی زد میں آکر مویشی اور پالتو جانور بھی زخمی ہوئے تھے۔

اسی طرح گزشتہ سال اپریل میں اسلام آباد کے بعض علاقوں میں ٹینس بال کے حجم کے برابر اولے پڑنے سے متعدد گاڑیوں، گھروں اور مساجد کے شیشوں اور چھتوں کو نقصان پہنچا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ پولیس لائنز حملہ: ملوث دہشتگرد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا

متاثرہ افراد نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔

حکام کے مطابق بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں بارش کا امکان

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں جزوی طور پر مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام کے بعض علاقوں میں دوپہر کے بعد ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ بونیر، شانگلہ، سوات، دیر اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمے کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے اور درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top