خیبر پختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال پیشگوئی

خیبر پختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال پیشگوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں کے لیے 30 ستمبر تک شدید بارشوں، ژالہ باری اور ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔ اس کے تحت بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں شدید بارشوں کے بعد ندی نالوں میں اچانک طغیانی اور ممکنہ سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ترجمان کے مطابق 30 ستمبر تک خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارانِ رحمت اور بعض مقامات پر شدید ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دیگر بالائی علاقوں میں گلگت بلتستان کے اضلاع استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد کشمیر کی نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی کے برساتی ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد، پوٹھوہار اور پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں سونا ہزاروں روپے مہنگا ہوگیا

این ڈی ایم اے نے انتظامی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ خطرات سے نپٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رکھی جائیں۔ تمام ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور ضروری وسائل کو الرٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ ندی نالوں اور پانی کے بہاؤ کی صورتحال کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔

Scroll to Top