شبقدر ٹی ایم اے دفتر میں مبینہ توڑ پھوڑ، ڈسٹرکٹ زکوٰۃ چیئرمین سمیت 8 افراد نامزد، سی سی ٹی وی فوٹیج جاری

نصراللہ خٹک

چارسدہ: ٹی ایم اے شبقدر کے دفتر میں مبینہ طور پر مسلح افراد کے داخل ہونے اور توڑ پھوڑ کے واقعے پر ٹی ایم او شبقدر کی مدعیت میں پولیس کو قانونی کارروائی اور مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی۔

پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق ڈسٹرکٹ زکوٰۃ چیئرمین مزمل خان مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گزشتہ روز صبح 10 بج کر 38 منٹ پر ٹی ایم اے شبقدر کے دفتر میں داخل ہوئے، جہاں مبینہ طور پر دفتری سامان، فرنیچر اور دیگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ واقعے کے باعث دفتر کے امور متاثر ہوئے اور سرکاری املاک و ریکارڈ کو مالی نقصان پہنچا۔ ٹی ایم او شبقدر کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے، جسے شواہد کے طور پر حاصل کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ میں کچے مکان کی چھت گرگئی، خاتون جاں بحق، 3 افراد زخمی

پولیس کو جمع کرائی گئی درخواست میں مزمل خان، عطاء اللہ خان، حامد احسان، حارث خان، فرہاد خان، مکمل شاہ، لیاقت خان اور مہیب اللہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سرکاری دفتر میں زبردستی داخل ہونا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور مبینہ طور پر دھمکیاں دینا قابلِ قانونی کارروائی اقدامات ہیں۔

ٹی ایم او شبقدر نے پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر واقعے کی تحقیقات کرکے نامزد افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

Scroll to Top