پشاور: مبینہ غیرت کے نام پر قتل، شادی شدہ خاتون کی قبر کشائی

کاشف عزیز
پشاور: پشاور کے علاقے خزانہ میں مبینہ غیرت کے نام پر قتل ہونے والی شادی شدہ خاتون کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق علاقہ مجسٹریٹ کی نگرانی میں قبر کشائی کی گئی، جس کے بعد خیبر میڈیکل کالج کی ٹیم نے خاتون کی میت کا پوسٹ مارٹم کیا۔

پوسٹ مارٹم کے دوران اہم نمونے حاصل کرکے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد خاتون کی میت دوبارہ سپرد خاک کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور گورنمنٹ کالج میں طلبہ کی ہنگامہ آرائی، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

ایس ایچ او خزانہ کے مطابق خاتون کی مبینہ موت کے اصل حقائق جاننے کے لیے اہم بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں اور واقعے سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس کے مطابق علاقے میں یہ اطلاعات زیر گردش ہیں کہ خاتون کو مبینہ طور پر اس کے والد اور بھائی نے قتل کیا، تاہم ان اطلاعات کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: سول ججز امتحان میں صرف 3 امیدوار کامیاب، خیبر پختونخوا بارکونسل کا نتائج پر نظرثانی کا مطالبہ

پولیس کے مطابق یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ خاتون کے قتل کے بعد حجرے میں نماز جنازہ ادا کرکے خاموشی سے تدفین کردی گئی، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک شواہد، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر بیانات کی روشنی میں واقعے کے حقائق سامنے لانے کے لیے تفتیش آگے بڑھائی جائے گی۔

Scroll to Top