حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا، جس میں خیبر پختونخوا کی مجموعی سیاسی اور انتظامی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہو رہے ہیں، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود ہیں اور اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران خیبر پختونخوا کی سیاسی اور انتظامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ حکومتی وفد کی جانب سے پی ٹی آئی سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست بھی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے بانی چیئرمین سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا معاملہ بھی مذاکرات میں اٹھایا جائے گا اور اس پر عملدرآمد کے لیے زور دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر اور وزیراعظم کی ملاقات،پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مذاکرات کے بعد خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے، تاہم اس معاملے پر حتمی پیش رفت مذاکرات کے نتائج سے مشروط ہوگی۔
مذاکرات کے دوران دونوں جانب سے اپنے اپنے مؤقف پیش کیے جانے اور سیاسی صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔





