پشاور: خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں مالی سال 2025-26 کے دوران 4 ارب 29 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی گیس چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں گیس نقصانات کی شرح میں تقریباً 3.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جنوبی اضلاع میں اوسطاً ہر ماہ تقریباً 35 کروڑ 78 لاکھ روپے اور روزانہ تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ روپے مالیت کی گیس چوری ہو رہی ہے۔
جنوبی اضلاع کے گیس حکام کا دعویٰ ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے عدم تعاون کے باعث گیس چوری کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق سیاسی قائدین کی مبینہ سرپرستی کے باعث بھی گیس چوری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لانگ مارچ کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، خواجہ آصف
دوسری جانب کرک کے گاؤں نشپا کے قریب گیس پائپ لائن سے مبینہ طور پر غیر قانونی کنکشن لینے کی کوشش کے دوران دھماکا بھی ہوا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔
گیس حکام کے مطابق جنوبی اضلاع میں گیس چوری اور غیر قانونی کنکشن کے باعث نہ صرف قومی خزانے کو بھاری نقصان کا سامنا ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہیں۔





