ڈی آئی خان : خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی عزمِ استحکام وژن کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کے 3 اہم سرغنہ بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی، بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار قیامِ امن کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔





