وزیراعظم کے مشیر اختیار ولی خان اور خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم ایک بار پھر سوشل میڈیا پر آمنے سامنے آگئے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ناران کاغان کے حوالے سے بیانات پر لفظی جنگ چھڑ گئی۔
مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ میاں صاحب ناران میں سیر اور قیام کے لیے آئے تھے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا 40 سال کی حکومت اور مریم نواز کی ڈھائی سالہ حکومت پنجاب میں سیاحت کے لیے ایک جگہ بھی نہیں بنا سکی؟۔
مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر اختیار ولی خان نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی بچگانہ قسم کی پوسٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزمل اسلم خود سندھ سے آکر خیبرپختونخوا میں وزیر خزانہ بنے ہیں اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے تین بار کے وزیراعظم سے سوال کر رہے ہیں کہ وہ ناران کیوں آئے ہیں۔
انتہائ بچگانہ قسم کی پوسٹ ہے۔ آپ خود سندھ سے آکر پختونخوا میں وزیر خزانہ لگے ہیں اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے تین بار کے وزیراعظم سے پوچھ رہے ہیں کہ کیوں آئے ہیں۔ اسی لئے پھر کہنا پڑتا ہے کہ بندہ چاہے جتنا بھی پڑھا لکھا ہو لیکن بس یوتھیاپہ اسکی ساری تعلیم و تربیت ضائع کر دیتی ہے۔آپکی اطلاع کیلئے عرض کہ ناران کاغان کی سڑک بھی نوازشریف نے بنائ ہے اور ہاں ڈیولپمنٹ دیکھنی ہے تو مری کا ایک چکر لگا آئیں۔
— Ikhtiar Wali (@ikhtiarwali) October 4, 2026
اختیار ولی خان نے مزید کہا کہ ناران کاغان کی سڑک بھی نواز شریف نے بنوائی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر ترقی دیکھنی ہے تو مری کا ایک چکر لگا لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں غنڈہ راج سے گورنر راج ہزار درجے بہتر ہے: اختیار ولی
وزیراعظم کے مشیر نے اپنے ردعمل میں مزمل اسلم کے بیان پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول کسی شخص کی تعلیمی قابلیت اپنی جگہ، تاہم سیاسی وابستگی اس کی سوچ اور تربیت کو متاثر کر دیتی ہے۔
یوں ناران کاغان میں نواز شریف کی آمد اور سیاحتی ترقی کے معاملے پر دونوں رہنماؤں کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی تنازع سامنے آیا ہے۔





