پشاور میں دکانوں کا صفایا کرنے والا منظم گینگ بے نقاب

پشاور: سٹی ڈویژن کے تھانہ شاہ قبول پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کا صفایا کرنے والے منظم چور گینگ کا سراغ لگا لیا۔ پولیس نے گینگ کے اہم ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 93 لاکھ روپے کی مسروقہ رقم برآمد کرلی۔

 پولیس کے مطابق 3 ستمبر 2026 کو لیڈی گریفتھ گرلز اسکول کے قریب نامعلوم ملزمان نے تین دکانوں میں واردات کرتے ہوئے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زائد رقم چوری کی تھی۔

 واقعے کا سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ ٹیم میں ڈی ایس پی سٹی سرکل شہنشاہ خان، ایس ایچ او تھانہ شاہ قبول شاہ خالد خان اور تفتیشی افسر اعزاز عالم خان شامل تھے۔

 خصوصی ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، اہم شواہد اور جدید سائنسی و تکنیکی ذرائع کی مدد سے تفتیش آگے بڑھائی اور متعدد مشتبہ افراد کو شاملِ تفتیش کیا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے دکانوں میں چوری کی واردات میں ملوث منظم گینگ کا سراغ لگا لیا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں تعلیمی بھرتیوں کا عمل 31 اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت 

پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے اہم ملزم عثمان ولد غلام حسین، سکنہ بھانہ ماڑی تیمرگڑھے، حال رحمان کورٹ قمر دین گھڑی، کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 93 لاکھ روپے کی مسروقہ رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔

 دورانِ تفتیش گرفتار ملزم نے گینگ کے دیگر ساتھیوں کے نام بھی بتا دیے ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

Scroll to Top