خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس طلب، 12 نکاتی ایجنڈا جاری

پشاور:  خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے، جس کے لیے 12 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔ اجلاس کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی کے قیام، پشاور میں ریجنل سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر، صحت کے شعبے میں مالی معاونت سمیت مختلف سرکاری محکموں سے متعلق اہم امور پر غور کیا جائے گا۔

  کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں خیبر پختونخوا میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے قیام کے لیے ترقیاتی اسکیم کے تحت فنڈز کی منظوری کا معاملہ شامل ہے۔

 اس کے علاوہ پشاور میں ریجنل سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کرنے کی تجویز بھی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔ مجوزہ منصوبے کو صوبے میں انسداد دہشت گردی کے نظام کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے تعلیمی سیشن کے لیے ملک بھر کے مختلف طبی اداروں میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق پالیسی بھی زیر غور آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں : دہشتگردی کے خلاف خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں، وزیراعظم

 اس کے علاوہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (MTI) اپیلٹ ٹریبونل رولز 2020 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

کابینہ اجلاس میں مختلف مریضوں اور درخواست گزاروں کے علاج معالجے کے لیے مالی معاونت سے متعلق متعدد معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

 20ویں، 21ویں اور 22ویں سکروٹنی کمیٹی کے اجلاسوں سے متعلق 38 مریضوں اور درخواست گزاروں کے طبی علاج کے لیے مالی معاونت کا معاملہ ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔

 اسی طرح مزید 22 مریضوں اور درخواست گزاروں کے علاج کے لیے مالی معاونت کی منظوری بھی زیر غور آئے گی، جبکہ اضافی ایجنڈے میں مزید 21 مریضوں اور درخواست گزاروں کے طبی علاج کے لیے مالی معاونت کی تجویز شامل ہے۔

کابینہ کے اجلاس میں چلڈرن ہسپتال پشاور کے جنریٹر اور دیگر آپریشنل اخراجات پورے کرنے کے لیے خصوصی گرانٹ یا گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لانگ مارچ چھوڑ کر سی ایم ہاؤس روانہ

 اجلاس کے ایجنڈے میں محکمہ اوقاف کی 4 کنال 17 مرلہ اراضی کا نام تبدیل کرکے اسے محکمہ سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و خواتین کو بااختیار بنانے کے محکمے کے نام منتقل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

 اس کے علاوہ 50 کنال اراضی کو صوبائی حکومت کے نام سے تبدیل کرکے محکمہ سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و خواتین کو بااختیار بنانے کے محکمے کے نام منتقل کرنے کا معاملہ بھی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔

 وفاقی حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد سے متعلق معاملہ بھی خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، جس پر کابینہ غور کرے گی۔

 خیبر پختونخوا کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں مجموعی طور پر 12 نکاتی ایجنڈے کے تحت مختلف اہم انتظامی، مالی اور پالیسی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

Scroll to Top