اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی صارفین پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس کے تحت رواں سال کے آخری تین مہینوں اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بڑے اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
اس مجوزہ اضافے کی منظوری کی صورت میں ملک بھر کے بجلی صارفین کی جیبوں پر مجموعی طور پر 95 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو باضابطہ درخواست ارسال کر دی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تینوں مہینوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ اوسطاً 3 روپے 4 پیسے اضافے کی منظوری دی جائے۔ حکام کے مطابق یہ مجوزہ اضافہ ستمبر 2026 کے فیول ایڈجسٹمنٹ ریٹ کے مقابلے میں 67 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا پاور ڈویژن کی اس درخواست پر 2 دسمبر کو باقاعدہ سماعت کرے گا، جس کے بعد نرخوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امن کمیٹی کے نام پر دہشت گردی کا ایک اور ہولناک واقعہ، 15 سالہ طالب علم کو اغوا ہوئے 40 دن گزر گئے، تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا
سرکاری دستاویزات کے مطابق اس سے قبل اکتوبر کے لیے فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے اضافے کی درخواست جمع کرائی گئی تھی، جبکہ نومبر کے لیے وزارت توانائی کی جانب سے 92 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔
دوسری جانب دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے حکومتی اندازوں میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ 5 روپے 13 پیسے تک اضافہ ناگزیر ہوگا۔
ان تینوں مہینوں کے الگ الگ تخمینوں کو یکجا کرتے ہوئے پاور ڈویژن نے نئی درخواست میں صارفین سے یکساں اوسط شرح یعنی 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ وصول کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
اگر نیپرا کی جانب سے اس درخواست کی منظوری دے دی جاتی ہے تو صارفین کو آئندہ بلوں میں مجموعی طور پر 95 ارب روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔





