پشاور وائلڈ لائف ڈویژن نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر کراچی منتقل کیے جانے والے نایاب شکاری پرندے پیری گرین فالکن کو برآمد کردیا۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق یہ کارروائی موٹروے ٹول پلازہ پشاور پر گاڑی کی تلاشی کے دوران کی گئی جہاں سے اس نایاب فالکن کو تحویل میں لیا گیا۔ پرندے کو ضروری طبی معائنے کے بعد مکمل طور پر صحت مند قرار دیے جانے پر قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا گیا۔
پرندے کی رہائی کی نگرانی ڈی ایف او وائلڈ لائف پشاور مناہل وہاب نے کی جبکہ ڈی ایف او وائلڈ لائف ایکسٹینشن روبینہ اور رینج آفیسر پشاور عامر علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر ڈی ایف او پشاور مناہل وہاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف نایاب پرندوں اور جنگلی حیات کی غیر قانونی نقل و حمل، شکار اور اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مانسہرہ :مدرسہ طالبہ کے اندھے قتل کا معمہ حل، ماں اور بیٹا گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ ایسے تمام عناصر کے خلاف خیبر پختونخوا وائلڈ لائف اینڈ بائیو ڈائیورسٹی ایکٹ 2015 کے تحت سخت قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ حیاتیاتی تنوع اور قدرتی ماحولیاتی نظام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔





