خیبرپختونخوا میں مارخور کے چار پرمٹس تاریخی قیمت پر نیلام

 خیبرپختونخوا حکومت نے مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی نیلامی سے 12 لاکھ 11 ہزار 800 امریکی ڈالر کی ریکارڈ آمدن حاصل کرلی جو پاکستانی کرنسی میں 33 کروڑ 56 لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔

 نیلامی میں سب سے زیادہ بولی چترال کے توشی ٹو مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ کی لگی، جو 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا۔

مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی نیلامی چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف خیبرپختونخوا ڈاکٹر محسن فاروقی کی زیر صدارت ہوئی جس میں چترال اور کوہستان کی مختلف ویلیج کنزرویشن کمیٹیوں کے لیے چار ایکسپورٹیبل مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس نیلام کیے گئے۔

نیلامی میں چترال کے توشی ٹو مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ کے لیے 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر کی سب سے زیادہ بولی لگی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 9 کروڑ 29 لاکھ 65 ہزار روپے بنتی ہے۔ 

گزشتہ سال مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ کی سب سے زیادہ بولی 2 لاکھ 72 ہزار ڈالر رہی تھی جس کے مقابلے میں رواں سال سب سے زیادہ بولی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

توشی ون مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 8 کروڑ 88 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ اسی طرح گہریت گول کے پرمٹ کی بولی 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر رہی، جو تقریباً 7 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتے ہیں، جبکہ کائیگاہ کھوار کا پرمٹ 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا، جس کی پاکستانی مالیت تقریباً 8 کروڑ 18 لاکھ روپے بنتی ہے۔

چاروں پرمٹس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم 12 لاکھ 11 ہزار 800 ڈالر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 33 کروڑ 56 لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود، جنگلی حیات کے تحفظ اور متعلقہ علاقوں میں کنزرویشن سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے گا جبکہ 20 فیصد رقم سرکاری خزانے میں جمع ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : پیپلز پارٹی کےسینئر رہنمامخدوم پیر عارف زمان انتقال کرگئے

حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کا مقصد جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو مالی فوائد فراہم کرنا اور مارخور سمیت دیگر نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کمیونٹی کی شمولیت کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

Scroll to Top