خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 10 سے 15 اکتوبر کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سلسلے سے خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع بالخصوص چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں 15 اکتوبر تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور بارش کی توقع ہے۔
اسی عرصے کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن اور شمالی پنجاب میں 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان، کوہلو اور زیارت میں بھی تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں گورنر راج آخری آپشن ہوگا، بلاول بھٹو زرداری
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریاؤں کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق رہنے کی توقع ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز جیسے حساس مقامات سے دور رہیں۔





