اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل سگنلز کی کمزوری سے پریشان صارفین کو وائی فائی کالنگ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے، جس کے ذریعے کمزور موبائل نیٹ ورک والے مقامات پر بھی فون کالز کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق گھروں اور دفاتر کے اندر موبائل سگنلز کمزور ہونے کی صورت میں وائی فائی کالنگ ایک مفید متبادل ثابت ہوسکتی ہے۔ اس سہولت کے تحت روایتی موبائل سگنلز کے بجائے وائی فائی انٹرنیٹ کنکشن کے ذریعے کال کی جاسکتی ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ وائی فائی کالنگ استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ صارف کے موبائل فون اور متعلقہ موبائل نیٹ ورک آپریٹر کی جانب سے اس سہولت کی معاونت موجود ہو۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے موبائل فون کی سیٹنگز میں وائی فائی کالنگ کا آپشن چیک کریں۔
یہ بھی پڑھیں : قانونی مسائل میں رہنمائی کے لیے 1818 پر رابطہ کریں، چیف جسٹس پاکستان
اگر یہ سہولت دستیاب ہو تو اسے فعال کرکے وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ہونے کے بعد کالنگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
تاہم یہ سہولت تمام موبائل فونز اور موبائل نیٹ ورکس پر دستیاب ہونا ضروری نہیں۔ اس لیے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ موبائل آپریٹر سے وائی فائی کالنگ کی دستیابی اور اسے فعال کرنے کے طریقہ کار کی تصدیق کرلیں۔
پی ٹی اے کے اس آگاہی پیغام کا مقصد صارفین کو ایک ایسے متبادل طریقے سے آگاہ کرنا ہے جو گھر، دفتر یا دیگر مقامات پر کمزور موبائل سگنلز کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات میں رابطہ برقرار رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔





